Ed. (Urdu) اداریہ

  • Dr. Hasnain Nadir Shaikh Quarterly Social & Religious Research Journal NOOR-E-MARFAT

Abstract

توحید، دین اسلام کی اساس ہے۔ توحید کی معرفت کی کوئی انتہاء نہیں۔اس موضوع پر مطالعہ کبھی مکمل نہیں ہو سکتا۔ یقینا، حضور اکرمﷺ،  آپ کے پاک اصحاب رضوان اللہ علیہم اور اہل بیت اطہار علیہم السلام  دینی تعلیمات کے وہ سرچشمے ہیں جو ہمیں توحید کی خالص تعلیمات سے سیراب کرتے ہیں۔ یہ ہستیاں ہمیں یہ بھی درس دیتی ہیں کہ ہم نے دیگر ادیان و مذاہب کے پیروکاروں کو کس طرح توحیدی تعلیمات سے سیراب کرنا ہے۔ اس حوالے نواسۂ رسولﷺ، آٹھویں امام حضرت امام رضا علیہ السلام کی تعلیمات  راہگشا ہیں۔ سہ ماہی نور معرفت کے 52ویں شمارے میں آپ کی تعلیمات سے استخراج شدہ دو مقالات "اسلام کی توحیدی تعلیمات" اور " ادیان و مذاہب کے پیروکاروں کے ساتھ مکالمہ و مناظرہ کے اصول" شاملِ اشاعت ہیں جو سالکین سبیل توحید کےلئے معرفت  و عرفان کے جام ثابت ہوں گے۔ اس شمارے میں "حضرت علی علیہ السلام کی انتظامی پالیسیوں اور اصولوں پر ایک نظر" کے عنوان سے جو مقالہ شاملِ اشاعت ہے وہ اسلامی مملکت داری کی عمدہ پالیسیاں اور اصول بیان کرتا ہے۔ اگر ارباب اقتدار حضرت علی علیہ السلام کی انتظامی پالیسیوں اور اصولوں پر کاربند ہو جائیں تو ہماری سینکڑوں انتظامی پریشانیاں دور ہو جائیں گی۔اسی طرح موجودہ شمارے کے چوتھے مقالے میں " قرآنی مثالی معاشرے کے تحقق میں درپیش فکری و اعتقادی چیلنجز اور مشکلات کا تحقیقی جائزہ" پیش کیا گیا ہے۔  اس مقالے میں ہماری اُن دینی، سماجی ذمہ داریوں  کا بھی تعیّن کیا گیا ہے جو اس حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کےلئے ہمارے کندھوں پر عائد ہوتی ہیں۔ پانچویں اور چھٹے مقالوں میں " برصغیر میں اسلام کے ابتدائی آثار" اور " غزوۂ بنو قریظہ  کا تاریخی وتحلیلی جائزہ" کے عنوانات کے تحت مستشرقین اور اسلام دشمنوں کی اِس الزام تراشی کا جواب دیا گیا ہےکہ اسلام خشونت پسندی، دہشت گردی اور تلوار کا دین ہے۔ ساتویں اور آٹھویں مقالات کا تعلق اردو شعر و ادب سے ہے ۔ حالیؔ اور بابا بلھےؔ شاہ پر شاملِ اشاعت ان دو مقالات میں شعر وادب کے ذریعے سماجی اصلاح اور انسان سازی کے پہلو کو مدّنظر رکھا گیا ہے۔ اس شمارے کا نواں مقالہ "تحديات الدعوية فى زمن النبوة فى العهد المكي، صورها فى العصر الحاضر ومعالجتها فى ضوء المنهج النبوي " کے عنوان سے مزیّن ہے جس میں اسلام کی دعوت و تبلیغ کے حوالے سے حضور اکرمﷺ کی راہ میں حائل مشکلات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ عصرِ حاضر میں اسلامی دعوت و تبلیغ کو درپیش چیلنجز کا معالجہ پیش کیا گیا ہے۔ دسواں مقالہ The Relationship of Social Behavior with Suicidal Ideation  کے عنوان سے مزین ہے جس میں خود کشی اور خود کش حملات کے نفسیاتی اسباب تلاش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ گیارہواں مقالہ Values and Well-being in Pakistanکے عنوان سے  شامل اشاعت ہے۔ یہ مقالہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عوام کی اقتصادی فلاح و بہبود  میں الٰہی اقتصادیات کی تاثیر کے بارے میں بحث کرتا اور عوامی فلاح و بہبود کے الٰہی معیار متعارف کرواتا ہے۔ 

Author Biography

Dr. Hasnain Nadir Shaikh, Quarterly Social & Religious Research Journal NOOR-E-MARFAT

Editor Quarerly Noor-e-Marfat

References

nill
Published
2021-07-20