قرآن و سنّت،تکوین و تشریع یعنی خدا کی کائنات اور شریعت  کا بیان ہیں۔ لیکن جہاں خدا کی کائنات میں ہر آن نئی نئی جہات سامنے آ رہی ہیں، وہاں انسانی افعال اور تعاملات میں بھی آئے دن پیچیدگیاں اور نئی جہات سامنے آ رہی ہیں جو سماج کی منیجمنٹ میں انسان سے ہر دن نئی قانون سازی کا مطالبہ کرتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کبھی کسی ملک و ملت کی مقننہ کی چھٹی نہیں ہوتی۔ اسلام میں قرآن و سنّت کو قانونگذار کی حیثیت حاصل ہے۔ بنابریں، کائنات کے متنوع حقائق کو کشف کرنے اور انسانی سماج کے متنوع مسائل کا حل اور حکم بیان کرنے کےلئے قرآن و سنّت پر تحقیق کا کام کبھی مکمل نہیں ہوگا ۔اِس پسِ منظر میں ہر تحقیقی ادارے اور رسالے کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے محققین کے کام کو ترجیح دے جن کی  تحریر میں قرآن و سنّت کی روشنی میں نئے حقائق اور جدید احکام بیان کرنے کی کوشش کی گئی ہو۔ مجلہ نور معرفت کے زیر نظر شمارہ میں قرآن کریم کی ایک قدیم تفسیر "التبیان فی تفسیر القرآن" پر نئے انداز میں نگاہ ڈالی گئی ہے اور آنے والے مفسرین کےلیے ایک قدیم تفسیر کی دقیق تفسیری روش بیان کی گئی ہیں تاکہ وہ نئے دور کے تقاضے پورا کرتے وقت، قدماء کی روش کے برتر اصولوں  کی پیروی کر سکیں۔ اسی طرح اس شمارہ میں ایک مستقل مقالہ کے ضمن میں"رسول اکرمﷺ کی سیاسی سیرت کے رہنما اصول" اجاگر کیے گئے ہیں۔

دین کی درست ترجمانی اور دینداری کی منطقی بنیادوں کو برہانی اسلوب میں بیان کرنا آج کے دَور کا دینداری کا سب سے بڑا تقاضا ہے۔ اِس موضوع پر بھی مجلہ نور معرفت کے اس شمارہ میں "دین و ایمان-عبادت و عرفان" کے عنوان سے ایک مقالہ شامل ہے جو اپنے قاری کو موضوع کی نئی اور عمیق جہات سے متعارف کرواتا ہے۔ اس شمارہ میں ایک مقالہ " امام شناسی، علم تاریخ اور علم کلام کی روشنی میں" کے عنوان سے بھی شامل ہے جو اپنے دامن میں امامت کےموضوع پر ابتکاری بحثیں سموئے ہوئے ہے۔ نور معرفت کے زیر نظر شمارے میں ایک اور مقالہ"انسانیت کا آخری مسیحا" کے عنوان سے شامل ہے۔ یہ مقالہ انسانیت کے مستقبل کے حوالے سے مختلف ادیان کی تشویش اور تدبیر کی ترجمانی کرتے ہوئے بنی نوعِ انسان کو ایک ایسے روشن مستقبل کی نوید سناتا ہے۔ اس شمارہ میں "مولانا رومؒ اور اسلام کی تعبیرِ نو" کے عنوان کے تحت ایک اور مقالہ میں امتّوں کے عروج و زوال میں اربابِ علم و دانش کے کردار کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ اس شمارے کا آخری مقالہ کتاب شناسی  سے مربوط ہے جس میں " الفصول المهمة فى معرفة الائمة " جیسی ایک انتہائی اہم کتاب کا دقیق تعارف پیش کیا گیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ سہ ماہی علمی، تحقیقی مجلہ نور معرفت کا یہ شمارہ، تکراری ادبیات کی جگہ ابتکاری  لڑیچر کے باب میں ایک اہم اضافہ شمار ہو گا۔ان شاء اللہ!

٭٭٭٭٭٭
Published: 2021-12-04